قذافی اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ سے گھاس مکمل طور پر غائب کردی گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور کی آؤٹ فیلڈ جو ہری بھری گھاس سے مزین رہتی تھی وہاں اب ان دنوں گھاس کا نام و نشان تک نہیں ہے اور آؤٹ فیلڈ میں گھاس کی جگہ صرف مٹی دکھائی دے رہی ہے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن اور چیئرمین ڈومیسٹک ری آرگنائزیشن شکیل شیخ اس معاملے سے متعلق کہتے ہیں کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، ایسا ہر سال جون میں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ لاہور میں اس وقت شدید گرمی ہے، گھاس کو صاف کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ زمین کو نرم کیا جائے، زیادہ پانی دیا جائے تا کہ نئی گھاس جڑیں پکڑے اور اچھی اُگے۔

شکیل شیخ نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم پاکستان کا پریمیئر کرکٹ سینٹر ہے، یہاں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا آفس ہے اور وہ قذافی اسٹیڈیم کو دنیا کے بہترین سینٹر بنانے کے حوالے سے مستقبل قریب میں نئے منصوبے لانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔