بین الاقوامی سطح پر عوام کی اکثریت روس کی حامی ہے:سیمور ہرش

سینئر تحقیقاتی صحافی سیمور ہرش کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر عوام کی اکثریت روس یوکرین تنازع میں روس کی حامی ہے، اور امریکی اثر و رسوخ کم ہو رہا ہے۔

یوٹیوب پر جارج گیلووے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سیمور ہرش کا کہنا تھا کہ افریقی اور وسط ایشیائی اور جنوبی ایشیائی ممالک کی ایک بڑی تعداد ڈرامائی انداز سے امریکا سے ہٹ کر روس کی حامی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ کے حوالے سے دیکھیں تو دنیا کی نصف سے زیادہ آبادی امریکا کی نہیں بلکہ روس کی حمایت کرتی ہے، یہ صورتحال پہلے جیسی نہیں۔ پلٹزر انعام یافتہ صحافی کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازع میں امریکا اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔

یاد رہے کہ سیمور ہرش رواں سال فروری میں اس وقت عالمی منظر نامے پر ایک مرتبہ پھر نمودار ہوئے تھے جب انہوں نے روسی گیس پائپ لائن نورڈ اسٹریم کی تباہی اور سبوتاژ کا الزام امریکا پر عائد کیا۔ واشنگٹن نے ان کی رپورٹ کو غلط اور افسانہ قرار دیا تھا۔

سیمور ہرش کا کہنا تھا کہ امریکی اثر رسوخ میں کمی کا ثبوت دیکھنا ہو تو سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو دیکھ لیں، جس کا نتیجہ یمن جنگ کے خاتمے کی صورت میں نظر آیا۔