قائداعظم یونیورسٹی کی بندش کا معاملہ قائمہ کمیٹی ایجنڈے میں شامل کرلیا گیاہے ، سینیٹر عرفان صدیقی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم وتربیت کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کی طویل بندش نہایت افسوسناک ہے، اس معاملہ کو کمیٹی کی آئندہ میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھرکی کئی جامعات میں طلبہ کے درمیان تصادم کی خبریں ملتی رہتی ہیں جن کا تدارک کیا جانا ضروری ہے۔ سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ جامعات کو طویل عرصے تک وائس چانسلرز کے بغیرچلانا کسی طور درست نہیں، اسی وجہ سے کئی انتظامی مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس سنگین معاملے کے تمام پہلوئوں کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔