آئندہ مالی سال پاکستان کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہو گا:وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہو گا۔

ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ بجٹ 24-2023 نوجوان کی ترقی، کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک و قوم کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعت، زراعت، آئی ٹی و توانائی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے، آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبار کے آغاز سے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کا معمار بنانا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ میں آئی ٹی کاروبار میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے، 2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اور کسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ بجٹ 24-2023 کے ذریعے زرعی شعبے کے لیے مراعات جاری رکھیں گے، ان اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہو گا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ دار بنا رہے ہیں، کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اور کاروباری قرضوں سے کسان، نوجوان اور پاکستان خوشحال ہوں گے۔