عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی

پولیس کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا نام نوید ولد بشیر ہے، نوید وزیرآباد کے علاقہ سوہدرہ کا رہائشی ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نوید چوری کے الزام میں جیل بھی جا چکا ہے، ملزم نوید کی بیوی، بھائی اور بچوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں ملزم کی والدہ بھی شامل ہیں، ملزم کے گھر والوں سے علیحدہ علیحدہ بیان لیے جائیں گے۔

گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 4 رہنما زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔

زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سی ٹی اسکین کیا گیا، گولی آر پار ہوئی ہے، ہڈی محفوظ ہے۔