روسی تیل کی قیمت چینی کرنسی میں ادا کی ہے،مصدق ملک کی تصدیق

پاکستان نے روسی تیل کی قیمت چینی کرنسی میں ادا کی ہے، وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے تصدیق کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے اسلام آباد ماسکو معاہدے کی تفصیل بتا دی، تاہم تیل کی قیمت اور حاصل ہونے والی رعایت بتانے سے گریز کیا۔

مصدق ملک نے کہا کہ ایک لاکھ ٹن خام تیل درآمد کرنے کیلئے ادائیگی اپریل میں کردی گئی تھی، معاہدے کے مطابق 45 ہزار ٹن تیل کراچی پہنچ چکا جبکہ باقی بھی جلد پاکستان پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روس سے آئے جہاز پیور پوائنٹ سے خام تیل نکالنے کا کام جاری ہے جہاز سے 3 ہزار ٹن تیل پاکستان ریفائنری منتقل ہوگا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا کہ روسی خام تیل کے جہاز سے تیل منتقل کرنے کا کام جاری ہے، جہاز کو آف لوڈ ہونے میں تین دن لگیں گے، کسی بھی صورت میں اس خام تیل کی ریفائننگ سے نقصان نہیں پہنچے گا، ہمیں یقین ہے کہ یہ تجارتی طور پر قابل عمل ہوگا۔