وزیراعظم نے چیئرمین نادرا طارق ملک کا استعفیٰ منظور کرلیا

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) طارق ملک کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعطم سے ہونے والی ملاقات میں طارق ملک نے انہیں چیئرمین نادرا کے عہدے سے استعفیٰ پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق طارق ملک نے 3 صفحات پر مشتمل استعفیٰ میں کشیدہ سیاسی صورتحال کو وجہ بتایا، ساتھ ہی اپنی کارکردگی اور پراجیکٹس کی تفصیلات بتائیں۔

انہوں نے استعفیٰ میں حاضر سروس یا ریٹائرڈ بیورو کریٹ کو چیئرمین نادرا کی پوسٹ نہ دینے کی سفارش بھی کی۔

طارق ملک نے وزیراعظم شہباز شریف سے آج ملاقات کےلیے وقت مانگا تھا، جس میں انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا اور اسے منظور کرنے کی درخواست کی۔

چیئرمین نادرا کے قریبی ذرائع کے مطابق طارق ملک نجی شعبے میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

دوسری جانب یہ اطلاع بھی آئی ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے طارق ملک کے بیرون ملک جانے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا کے خلاف نیب اور ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔