وزیراعظم نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹادیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے برطرف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔ وزیراعظم نے انہیں برطرف کرنے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کردی۔

ساڑھے چار بجے گورنر سرفراز چیمہ کی پریس کانفرنس شیڈول تھی اور اسی دوران ان کی برطرفی کی خبریں سامنے آئیں۔ سرفراز چیمہ نے اپنے وقت پر پریس کانفرنس شروع کی اس دوران ایک صحافی نے ان کی برطرفی کی خبر انہیں سنائی اور سوال کیا۔

سرفراز چیمہ نے جواب دیا کہ وزیراعظم مجھے عہدے سے اس طرح نہیں ہٹاسکتے، وہ سمری صدر مملکت کو ارسال کرسکتے ہیں، جب تک صدر مملکت چاہیں گے میں گورنر ہاؤس میں رہوں گا، مجھے ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار صدرمملکت کے پاس ہے وزیراعظم کے پاس نہیں۔

اطلاعات ہیں کہ نئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کا معاملہ ان کی برطرفی کی وجہ بنا تاہم یہ بھی اطلاعات ہیں کہ گورنر ہاؤس میں چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو بلاکر ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے میں مدد فراہم کریں تاہم انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔