زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والا اسکول عوام میں مقبول، داخلے کیلئے والدین کی لمبی قطاریں

زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والا اسکول عوام میں مقبول ہوگیا اور داخلے کیلئے والدین کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

کراچی میں بہتر تعلیمی ادارے والدین کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔ شہر کے معروف تعلیمی اداروں میں والدین طویل قطار میں داخلہ فارم حاصل کرتے ہیں تاکہ ان کے بچے تعلیم کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔

طویل قطار بل جمع کرانے، ڈالر کے حصول یا کسی ہاؤسنگ اسکیم میں بکنگ کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ والدین ہیں جو اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے اچھے تعلیم ادارے میں داخلے کے خواہشمند ہیں۔

معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے کے ادارے زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول عوام میں مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔

بہترین تعلیمی معیار کے پیش نظر شہر میں والدین اپنے بچوں کے داخلوں کیلئے صبح چھ بجے سے ہی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے گارڈن میں واقع ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول میں پہنچنا شروع ہوجاتے ہیں اور طویل قطار میں لگ کر داخلہ فارم حاصل کرتے ہیں۔

اسکول میں پہلی تا دسویں جماعت تک داخلے 11 مارچ تک جاری رہیں گے۔ زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول میں طالبات کیلئے معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

اسکول کی طالبات نے قومی سطح پر بھی مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔