سمندری طوفان کمزور ہو کرسائیکلون ،شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کاامکان

سمندری طوفان بپرجوائے کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق طوفان کیٹی بندر سے 125 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کے باعث شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10سے 15فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں جبکہ کیٹی بندر اور اطراف میں لہریں 6 سے 8 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔

کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، شہید بینظیر آباد اور سانگھڑ میں آج تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ہوائیں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طغیانی رہ سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں 2 سے 2.5 میٹر تک لہریں بلند ہوسکتی ہیں۔

حکام کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی سے تباہی کے خطرات ٹل گئے تاہم بارش کی پیش گوئی برقرار ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ کے اضلاع میں 17 جون تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کرلیا۔

ماہر موسمیات جواد میمن کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان سے متعلق پیشگوئی کرنا مشکل ہوتا ہے، بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان کس مقام پر ٹکرائے گا حتمی طور پر بتانا مشکل ہوتاہے۔