سپریم کورٹ نے انور مجیدکانام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹا دی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے انور مجید کی پاسپورٹ واپسی اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کی درخواست نمٹا دی۔

سپریم کورٹ میں انور مجید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے انور مجید کو بینکنگ کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس بینکنگ کورٹ کو منتقل ہو چکے ہیں، مناسب ہو گا ای سی ایل سے نام نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔

وکیل صفائی نے استدعا کی کہ انور مجید کا 21 جون کو بیرون ملک میڈیکل چیک اپ ہے، بینکنگ عدالت کو جلد فیصلے کی ہدایت کی جائے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ انور مجید بینکنگ کورٹ سے رجوع تو کریں۔

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں انور مجید کا نام سپریم کورٹ نے ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔