حزب اللّٰہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی

لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز حزب اللّٰہ نے مقبوضہ فلسطین کے قصبے صفد میں موجود ایک اسرائیلی فوجی اڈے پر راکٹ حملہ کیا جس میں ایک اسرائیلی فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حزب اللّٰہ کی جانب سے کیا گیا یہ حملہ کافی شدید تھا کہ میزائلوں سے سرحد سے تقریباً 13 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے صفد میں اسرائیلی فوجی اڈے، آپریشنل کنٹرول رومز اور ان کے دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، حزب اللّٰہ کی جانب سے راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی فوج نےجنوبی لبنان کے قصبوں لصوانہ اور عدشیت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 لبنانی شہید اور 9 زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے تتیجے میں اب تک 28 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 68 ہزار سے زائد زخمی ہیں اور فلسطینی مزاحمتی تنطیم حماس کی جانب سے کیے گئے حملوں میں اب تک 1,139 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔