ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا بابر اعظم کی سالگرہ پر ہونے کا امکان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی سالگرہ اس مرتبہ صرف ان کے لیے نہیں بلکہ تمام کرکٹ شائقین کے لیے یادگار اور بہت ہی غیرمعمولی بن سکتی ہے۔

بابر اعظم 15 اکتوبر کو اپنی 29 ویں سالگرہ منائیں گے جبکہ اسی روز ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ بھی ہوسکتا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈ کپ شیڈول فائنل کر کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیج دیا ہے جس کے بعد اب ورلڈ کپ کا فائنل شیڈول رواں ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے۔

آئی سی سی نے فیڈ بیک کے لیے بی سی سی آئی کا شیڈول ورلڈ کپ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ شیئر کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شیڈول کے تحت پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہونے کا امکان ہے اور اسی دن بابر اعظم کی سالگرہ بھی ہے۔

شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔