حالیہ پر تشدد واقعات اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار افراد ایک ماہ کیلئے نظربند

کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں حالیہ پر تشدد واقعات اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار افراد کو 3 ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے نظربند کردیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج اور پرتشدد واقعات کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں حالیہ جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار افراد کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظر بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں جلاؤ گھیراؤکے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کو لاڑکانہ، سکھر اور جیکب آباد سمیت دیگر جیلوں میں رکھا جائے گا جب کہ کراچی میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار افراد کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی ہے۔