طوفان کے خطرات ختم ، شہر میں تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت

کراچی میں طوفان کے خطرات ختم ہوتے ہی کمشنر کراچی نے شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔

سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ ساحل سمندر پر جانے والے راستے بھی بندکردیے گئے تھے۔

شہر میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سمیت دیگر کلاسز کے امتحانات بھی معطل کردیے گئے تھے تاہم اب کمشنر کراچی نے شہر میں امتحانات سمیت دیگر تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس حوالے سے کمشنر کراچی کے دفتر سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ شہر میں طوفان کی صورتحال ختم ہونےکے بعد کل سے ہی تمام تعلیمی اداروں کو تدریسی عمل بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔