ٹونگا میں سونامی سے برطانوی خاتون ہلاک

نوکوالوفا: بحرالکاہل کے ملک ٹونگا میں سمندرمیں آتش فشاں پھٹنے کے بعد سونامی سے خاتون ہلاک ہوگئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹونگا میں سونامی سے ایک خاتون کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ خاتون کا تعلق برطانیہ سے ہے۔سمندرکے اندرآتش فشاں پھٹنے اورسونامی کے بعد سے ٹونگا کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع ہے۔

ٹونگا کے پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ گہرے دھوئیں اورراکھ کے بادل کے باعث ٹونگا کے ائیرپورٹ پرامدادی پروازوں کا اترنا ممکن نہیں۔

حکام کے مطابق بحری جہازوں کے ذریعے بھی امداد کی فراہمی آئندہ کچھ روز تک ہونے کا امکان نہیں۔

ہفتے کو ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے خوفناک آوازیں پیدا ہوئیں جو 800 کلومیٹر دور فجی میں بھی سنی گئیں۔ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویرمیں 5 کلومیٹر چوڑا راکھ، بھاپ اور گیس کا شعلہ 20 کلومیٹر تک بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ساحل کے قریب رہائشی علاقوں میں بڑی لہروں کوگھروں عمارتوں کو لپیٹ میں لیتے اورلوگوں کو اونچے ٹیلوں کی جانب بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔