توشہ خانہ کیس، عمران نااہل ہونگے، کیس عدالت جائے گا یا ختم ہوجائے گا، فیصلہ آج

اسلام آباد(جنگ نیوز‘ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نااہل ہوں گے؟ کیس عدالت بھیجا جائے گا یا ختم ہوجائے گا؟۔ الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آج جمعہ کو سنائے گا۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان سمیت تمام فریقین کو فیصلہ سننے کیلئے بلالیا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے متعلقہ فریقین کو نوٹسسز جاری کردیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ دوپہر دو بجے سنائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے لئے وزارت داخلہ سے رینجرز‘ایف سی اور پولیس فورس مانگ لی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے وقت کارکنان کے آنے کا خدشہ ہے۔ ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کی عمارت کے ارد گرد سکیورٹی تعینات کی جائے۔