یوگنڈا: سرحد کے پاس قائم سکول پر حملہ،25 افراد ہلاک

یوگنڈا میں سرحد کے پاس قائم سکول پر حملے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق پولیس کا بتانا ہےکہ یوگنڈا میں ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو کی سرحد کے پاس قائم سکول پر باغیوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ کچھ لوگوں کو اغوا کیے جانے کا بھی خدشہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوگنڈا کے ایک گروپ الائیڈ ڈیموکریٹک فورس کے ممبران کا کہنا ہےکہ سکول پر حملے میں داعش کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے جب کہ حملہ آوروں نے عمارت کو آگ لگادی اور کھانے پینے کا سامان لوٹ لیا۔

پولیس کے مطابق جس سکول پرحملہ کیا گیا وہ نجی سکول ہے جس ڈی آر سی بارڈر سے 1.2 میل کے فاصلے پر موجود ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ حملے کے بعد سکول کے اندر سے 25 لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سکول سے نکالے جانے والے دیگر 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کےمطابق اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہےکہ حملے میں مرنے والوں میں کتنے طلبہ شامل ہیں۔

یوگنڈا کی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہےکہ مغویوں کو بازیاب کرانے کے لیے فورسز کی جانب سے حملہ آوروں کا پیچھا کیا جارہا ہے۔