غیرصحت بخش غذائیں، ورزش کے اثرات زائل کرسکتی ہیں

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ غذائی انتخاب میں احتیاط نہیں کرتے تو اس سے ورزش میں کی گئی محنت اکارت ہوسکتی ہے۔

یعنی اگرآپ مٹھائیوں، فاسٹ فوڈ اور غیرصحت بخش اشیا کے دیوانے ہیں تو نصف گھنٹے زیادہ کی ورزش بھی ان کے مضر اثرات کو زائل نہیں کرسکتی۔ جامعہ سڈنی کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ورزش سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ مناسب اور صحت بخش غذا کو جزوبدن بنایا جائے۔

تحقیق سے وابستہ سائنسداں، میلوڈی ڈِنگ کہتی ہیں کہ غذائی انتخابات اور ورزش کے تعلق پر ہماری معلومات بہت کم تھی۔ حالانکہ خوراک اور جسمانی سرگرمی کے بدن پر دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ خراب غذا بلند شدت کی ورزش کو بھی بے اثر کردیتی ہے۔

اس مطالعے میں ڈھائی لاکھ افراد کا ڈٰیٹا لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا کہ ورزش کرنے اور ناقص غذا کھانے والے اگرچہ ورزش نہ کرنے والوں سے بہتر تو تھے لیکن ورزش کے مکمل فوائد ان تک نہیں پہنچ رہے تھے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ ورزش اور مناسب غذا کو ساتھ ساتھ رکھا جائے۔

اس طرح لاکھوں افراد پر تحقیق سے انکشاف ہوا کہ ورزش کے بھرپور اثرات کے لیے پھل، سبزیاں اور دیگر صحت بخش غذاؤں کو معمول کا حصہ بنایا جائے۔