عید پر ریلیز پاکستانی فلموں کو کس ہالی ووڈ فلم سے خطرہ ہے؟

کراچی: عید پر ریلیز ہوئیں پاکستان کی 5 بڑی فلموں کی شہرت کو ہالی ووڈ کی سُپر ہیرو فلم سے خطرہ پیدا ہوگیا ہے جس پر پروڈیوسرز اور اداکاروں نے اپنے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی پچھلی دہائی میں وقوع پذیر ہوئی ہے۔ اگرچہ حالات اب معمول پر آ رہے ہیں اور اس عید الفطر پر 5 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں جن میں ’گھبرانا نہیں ہے‘، ’پردے میں رہنے دو‘، ’دم مستم‘، ’چکر‘ اور ’تیری باجرے دی راکھی ہیں‘۔

تاہم مذکورہ بالا پاکستانی فلموں کے ساتھ ہالی ووڈ کی بھی ایک بڑی فلم ریلیز ہوئی ہے جس کا نام ’ڈاکٹر اسٹرینج، دی ملٹیورس آف میڈنس‘ہے۔

اس میگا ہالی وڈ ریلیز کی وجہ سے پاکستانی فلموں کو اسکرین سے ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ڈاکٹر اسٹرینج کو ’جگہ‘ دی جا سکے۔ اس سے پاکستانی پروڈیوسرز پریشان ہیں اور انہوں نے کراچی آرٹس کونسل میں اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

ندا یاسر اور شازیہ وجاہت نے بھی شائقین سے پاکستانی سینما کو سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے اور انسٹاگرام پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

دوسری طرف شائقین نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فلم سازوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ ڈائریکٹرز کو ایسی فلمیں بنانی چاہیئں جو ہالی وڈ کا مقابلہ کر سکیں اور ایک ساتھ بہت سی فلمیں ریلیز کرنا بھی غیر افادی ہے کیونکہ لوگ تمام فلمیں دیکھنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔