پاکستان کا اگلا وزیر اعظم کون ہوگا؟ فیصلہ کن گھڑی قریب آگئی

پاکستان کا اگلا وزیر اعظم کون ہوگا؟ فیصلہ کن گھڑی قریب آگئی‘ ملک بھر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 بجے انتخابی مہم ختم ہوگئی۔

عام انتخابات کیلئے جمعرات 8 فروری کو ووٹنگ کی تیاریاں مکمل ‘ 6 لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات‘ 36774 حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب‘ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں قائم 90 ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کرلی‘ آج بیلٹ ،پیپرز کی ترسیل ہوگی۔

12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 رجسٹرڈ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے، چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

ملک بھر میں 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا، ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں‘ 16766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹہ بعد جاری کئے جا سکیں گے‘ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پولنگ ڈے پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہوگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہیں جن پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔