پولیس مقابلے میں ہلاک 5 ڈاکوؤں میں سے3 کی شناخت ہو گئی

کراچی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے 5 ڈاکوؤں سے تین کی شناخت ہو گئی۔

اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا ہے کہ ڈاکوؤں کی شناخت پائندہ خان، عبداللہ اور عمران کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پائندہ خان اور عبداللہ کا کریمنل ریکارڈ بھی ملا ہے، دونوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جبکہ تیسرے ڈاکو عمران کا تاحال کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ملا۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ہلاک باقی دو ڈاکوؤں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، اس حوالے سے کارروائی جاری ہے۔

معروف عثمان نے بتایا ہے کہ ابتدائی معلومانت کے مطابق ملزمان سفید گاڑی میں آئے تھے، ملزمان کے دو ساتھی دوران مقابلہ گاڑی لے کر فرار ہو گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے متعلق تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، ڈاکوؤں کا گروہ گھر میں لوٹ مار کے لیے داخل ہوا تھا، پولیس کے پہنچنے پر مقابلہ ہوا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ پولیس کو مدگار 15 پر اطلاع ملی تھی، مارے گئے ملزمان نارتھ کراچی میں مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، وہ گرل کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے تھے۔

پولیس نے کہا کہ ملزمان لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے تو پولیس پہنچ گئی تھی۔