تین سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے تین سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔ 67ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ آئندہ ماہ کھیلی جائے گی ۔

چیمپئن شپ 12 تا 23 اکتوبر لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ہاکی اسٹیڈیم ایوب پارک راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔

آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے پی ایچ ایف کے زیراہتمام قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پی ایچ ایف کے تمام ملحقہ صوبائی یونٹس اور ڈپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی۔

سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے ایونٹ میں شرکت کے خواہاں تمام ملحقہ صوبائی و ڈپارٹمنٹل یونٹس کو 18 ستمبر تک شرکت کنفرم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

پی ایچ ایف کے مطابق قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی دوران ایونٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔