پی ٹی آئی کو دھمکانے، اغوا کرنے اور مہم چلانے نہ دینے کے الزامات بے بنیاد ہیں، مرتضیٰ سولنگی

نگراں حکومت نے پی ٹی آئی کے امیدواروں اور کارکنوں کو دھمکانے، اغوا کرنے اور مہم چلانے کا موقع نہ دینے کے الزامات بے بنیاد قرار دے دیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینےکے الزامات بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہیں ۔ پی ٹی آئی کے جن امیدواروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ نو مئی کے واقعات اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات سے متعلق انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ الیکشن پُرامن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سیکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی۔

نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ملک بھر میں 12 کروڑ سے زائد شہری ووٹ دے سکیں گے، عدالتی فیصلے پر نگراں حکومت کوئی بات نہیں کر سکتی، پاکستان میں میڈیا آزاد ہے اور ہر ایک کو اظہارِ رائے اور تنقید کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک سے 92 عالمی مبصرین انتخابات کور کریں گے، دہشت گردی ملک کے لیے نئی نہیں، اس سے ہم دہائیوں سے گزر رہے ہیں، 2008ء اور 2013ء میں الیکشن کے وقت دہشت گردی تھی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ طالبان کی جانب سے کابل حکومت سنبھالنے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ القاعدہ اور ٹی ٹی پی افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

نگراں وزیر نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جارہا ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی معاہدے کبے گئے ہیں، نگراں حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔