امریکا، 119 سال بعد لائبریری کو اپنی کتاب واپس مل گئی

امریکا کے شہر بوسٹن کی ایک لائبریری کو ایسی کتاب واپس کی گئی ہے جو 119 سال قبل لی گئی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیڈ فورڈ پبلک لائبریری سے 1904 کو لی جانے والی کتاب جیمز کلیرک میکسویل کا بجلی سے متعلق مقالہ تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کتاب دیگر بہت سی کتب کے ساتھ ویسٹ ورجینیا یونیورسٹی کی لائبریری کو دی گئی ہے، جب اس کتاب کو غور سے دیکھا گیا تو پتہ چلا کہ یہ کتاب بیڈ فورڈ پبلک لائبریری سے ایک صدی سے زائد عرصے قبل جاری ہوئی تھی۔

کتاب کو 14 فروری 1903 میں لائبریری سے لیا گیا تھا اور اس کو 10 دسمبر 1903 کو واپس کرنا تھا لیکن اسے اب تک واپس نہیں کیا گیا۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نایاب کتب کے شوقین اسٹیورٹ پلین ورجینیا یونیورسٹی کو عطیے میں دی جانے والی کتابوں کا جائزہ لے رہے تھے۔

اسٹیورٹ پلین نے بیڈ فورڈ پبلک لائبریری کو کتاب واپس کر دی۔

بیڈ فورڈ پبلک لائبریری نے واپس کی گئی کتاب کی تصاویر اپنے فیس بک پیج پر شیئر کی ہیں۔