وزیر اعظم کے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے با معاوضہ انٹرن شپ کا اعلان،زبردست پذیرائی حاصل

وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروجیکٹس (پی ایس ڈی پی) سرکاری، نجی اور ترقیاتی محکموں میں خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کے نوجوانوں کے لیے 60 ہزار با معاوضہ انٹرن شپس کا اعلان کیا ہے۔”پی ایس ڈی پی” پروگرام میں 20ہزار انٹرن شپ سرکاری شعبے میں جبکہ 40ہزار انٹرن شپ سرکاری، نجی اور ترقیاتی محکموں میں دی جائے گی جس کا دورانیہ 6ماہ سے 1 سال کی مدت کے لیے ہوگا۔اس دوران اعلیٰ پیشہ ور افراد اور ماہرین سے کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوگا اور اس کے علاوہ 25 ہزار سے 40 ہزار روپے ماہانہ سکالر شپ ملے گا۔

وزیر اعظم کے پیڈ انٹرن شپ پروگرام کو ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی جانب سے زبردست پذیرائی اور مثبت ردعمل ملا ہے۔ اس پروگرام کے تحت لاکھوں نئے گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کے لیے مطلوبہ تجربات حاصل کرنے کا بہترین موقع قرار دیا ہے.وزیراعظم کا یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام ایک جامع منصوبہ ہیجن میں 15 پروگرام شامل ہیں۔ اس تاریخی پروگرام کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے لیے پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ پروگرام، بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام جبکہ بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلبا کے لیے 5ہزار وظائف کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

پروگرام میں نوجوان نسل کوانتخابی پیشوں میں مہارت حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتے ہوئے نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے میں مدد ملی گی۔ پشاور یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ طالب علم احتشام قیصر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم کی بامعاوضہ انٹرن شپ نئے گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کے لیے بیرون ملک ملازمتوں کے علاوہ عملی تجربات اور اپنے منتخب پیشوں میں مہارت حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوشہرہ اور پشاور اضلاع سے تعلق رکھنے والے بہت سے گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز نے انتظامیہ کو درخواستیں دی ہیں۔سرکاری اور نجی شعبوں میں گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کی اکثریت کی درخواستیں پیشہ ورانہ تجربات اور مہارتوں کی کمی کی وجہ سے مسترد کر دی گئیں۔ انٹرن شپ پروگرام نہ صرف نئے گریجویٹس کو متعلقہ کام میں تجربہ بلکہ انہیں عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے مناسب معاوضہ بھی فراہم کرے گی۔

احتشام قیصر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف بامعاوضہ انٹرن شپ پروگرام کے شروع کرنے پر ہم وزیر اعظم کے مشکور ہیں کیونکہ اس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا سمیت ملک کے لاکھوں نوجوان گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کو فائدہ پہنچے گا۔ شہریار زمان ایک اور گریجویٹ اور واپڈا ٹائون نوشہرہ کے رہائشی نے بھی انٹرن شپ پروگرام سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں اور انہوں نے اس پروگرام سے بھر فائدہ اٹھانے کی حامی بھری ہے۔

خیبر پختونخوا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان اور سابق رکن صوبائی اسمبلی، اختیار ولی خان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات کے تحت وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے تحت شروع کیا گیا تھا تاکہ ملک کی آبادی کی64 فیصد سے زائد نوجوانوں کو مواقع فراہم ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام نے پاکستان کے نوجوانوں بشمول لڑکیوں کو جدید اور فنی تعلیم سے روشناس کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے شروع کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام موجودہ اتحادیحکومت کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے جس کا مقصد تعلیمی، سیاسی وابستگی، ذات پات اور خاندانی پس منظر سے قطع نظر نوجوانوں کو معاشی اور مالی طور پر بااختیار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وراثت میں ملنے والے سخت معاشی اور سیاسی چیلنجوں کے باوجود وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کی ترقی اور معاشی لحاظ سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا تاریخی پروگرام کی کامیابی سے کا آغاز کیا ہے۔ جس کے تحت ”ٹیلی سکول پاکستان ایپ”، گوگل فار ایجوکیشن اور ڈیجیٹل کنٹینیوس پروفیشنل ڈویلپمنٹ سمیت متعدد سروسزکا آغاز کیا گیا ہے۔