نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا ارشد حسین شاہ نے ذمے داریاں سنبھال لیں

نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ کی سیکریٹریٹ آمد پر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پولیس نے نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ میں بریفنگ بھی دی گئی۔

دوسری جانب خیبر پختون خوا کی نگراں کابینہ کی تشکیل مکمل ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پچھلی کابینہ کے بیشتر وزراء نئی نگراں صوبائی کابینہ میں شامل ہو گئے ہیں، نئی نگراں صوبائی کابینہ میں نئے وزراء بھی لیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نئے وزراء کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق سابقہ وزراء کے قلمدانوں میں بھی ردوبدل نہیں کی گئی ہے، گورنر کے پی نگراں وزراء سے ایک بار پھر اپنے عہدوں کا حلف لیں گے، نگراں کے پی کابینہ کی حلف برداری تقریب سہ پہر 3 بجے ہوگی۔