نویں جماعت کے طالب علم کی اسکول میں ہارٹ اٹیک سے موت

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں اسکول میں دوران تعلیم نویں جماعت کا طالبعلم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تلنگانہ کے علاقے کھمم میں پیش آیا جہاں نویں جماعت کا طالبعلم 14 سالہ مداسی راجیش کلاس روم میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گیا۔

رپورٹ کے مطابق انتقال کرنے والا طالبعلم کھمم شہر کی این سی پی کالونی کا رہائشی تھا جو بدھ کے روز معمول کے مطابق اسکول آیا تھا تاہم تدریسی عمل شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی کلاس روم میں اچانک اس کے سینے میں درد اٹھا اور وہ بے ہوش ہوکر گر پڑا۔

اسکول اساتذہ فوری طور پر بچے کو لے کر سرکاری اسپتال پہنچے تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

طالبعلم کی یوں اچانک موت پر پورے اسکول میں سوگ طاری ہوگیا اور اساتذہ وطلبہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسی سے ملتا جلتا واقعہ بھارت کے شہرحیدرآباد دکن میں پیش آیا تھا جہاں انٹرمیڈیٹ کا امتحان دینے والی طالبہ پیپر دیتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی۔