دانیال عزیز واضح برتری سے جیت چکے ہیں،رزلٹ نہیں مل رہا، اہلیہ دانیال عزیزکادعویٰ

آزاد امیدوار دانیال عزیز کی اہلیہ مہناز اکبر عزیز نے دعویٰ کیا ہے کہ دانیال عزیز واضح برتری سے جیت چکے ہیں، این اے 75 کے 75 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ نہیں مل رہا۔

اہلیہ دانیال عزیز نے کہا ہے کہ آر او کا کہنا ہے کہ عملہ سامان لے کر نہیں پہنچا، رزلٹ کہاں سے دیں۔

مہناز اکبر عزیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آر او کا کہنا ہے کہ 75 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ ابھی تک نہیں پہنچا۔

مہناز اکبر کا مزید کہنا تھا کہ یہ دھاندلی سے دانیال عزیز کو ہرانا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شکر گڑھ پولیس نے این اے 75 سے آزاد امیدوار دانیال عزیز کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا، ناکے پر دانیال عزیز کو روکا اور زبردستی گاڑی میں ڈالا گیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

واضح رہے کہ دانیال عزیز مسلم لیگ ن کی جانب سے ممبر قومی اسمبلی رہ چکے ہیں تاہم الیکشن 2024 میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر اُنہوں نے آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔