عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع

عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع ہو گئی۔

اسلام آباد میں انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل جاری ہو گیا ہے۔

ڈی آر او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں پولنگ میٹریل متعلقہ حلقے کو دیا جا رہا ہے، پریزائیڈنگ افسران کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی ہدایات کی گئی ہیں۔

کراچی میں ضلع شرقی میں پولنگ سامان کی ترسیل ایکسپو سینٹر سے ہو گی، ایکسپو سینٹر کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔

ملتان: پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع
ملتان کے قومی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں کے پریزائیڈنگ افسران کو سامان فراہم کیا جا رہا ہے، پولنگ سامان فراہم کرنے کے لیے تین سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

این اے 148، 149، 150 اور 151 کے پریزائیڈنگ افسران کو سامان ملتان پبلک اسکول سے فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ این اے 152 کے لیے شجاع آباد اور 153 کے لیے جلالپور پیروالا میں سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ سامان سخت سیکیورٹی میں پریزائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جارہا ہے، پولنگ سامان پولیس کی سیکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ پولنگ سامان کی ترسیل شام 6 بجے تک مکمل کر لی جائے گی۔

پشاور: انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل شروع
دوسری جانب پشاور میں بھی انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے کہا کہ پشاور میں 3 مقامات سے پولنگ میٹریل متعلقہ عملے کے حوالے کیا جا رہا ہے، ٹیکنیکل کالج کوہاٹ روڈ، اسپورٹس کمپلکس اور عیدگاہ سے پولنگ میٹریل کی ترسیل جاری ہے۔

ڈی آر او کا کہنا ہے کہ تمام پوائنٹس میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، 1200 سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز میں میٹریل کی ترسیل کی جا رہی ہے، الیکشن میٹریل کی ترسیل کے لیے ٹرانسپورٹ پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔

مالاکنڈ: انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل شروع
مالاکنڈ میں ایک قومی اور دو صوبائی نشستوں کے لیے انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج اور لیویز کے جوان تعینات ہوں گے۔

بنوں: الیکشن کمیشن کی جانب سے سامان کی ترسیل جاری
بنوں میں اسپورٹس کمپیلکس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سامان کی ترسیل جاری ہے، 524 پولنگ اسٹیشنوں کے لیے سامان سیکیورٹی کی نگرانی میں دیا جا رہا ہے۔

باجوڑ: انتخابی سامان کی فراہمی سخت سیکیورٹی میں شروع
باجوڑ میں انتخابات کے لیے انتخابی سامان کی فراہمی سخت سیکیورٹی میں شروع کر دی گئی۔

باجوڑ کے حلقے پی کے 19 ، 20 اور 22 کے لیے انتخابی سامان کی ترسیل شروع کی گئی ہے۔

راولپنڈی: انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات مکمل
راولپنڈی میں انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفتر سے سامان کی ترسیل کی جائے گی، ڈی آر او آفس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

پریزائیڈنگ افسران الیکشن سامان لینے ڈی آر او آفس پہنچ گئے، پولنگ اسٹیشنز تک سامان پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔

چارسدہ: انتخابی میٹریل کی ترسیل کا عمل جاری
چارسدہ میں پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی میٹریل کی ترسیل کا عمل جاری ہے، ضلع میں دو قومی اور پانچ صوبائی حلقوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

ضلع میں کل مرد و خواتین ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 66 ہزار 25 ہے اور انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 746پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

Pakistan Election 2024 Election 2024 Constituencies Election 2024 candidates