محکمہ ایکسائز؛ 33641 گاڑی مالکان سے 4 کروڑ ٹیکس وصول

کراچی: صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ کی ہدایت پر ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکسز کی وصولی کے لیے شروع کی جانے والی روڈ چیکنگ مہم کے آٹھویں روز تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 33641 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 7797, حیدرآباد میں 9509 اور سکھر میں 3167 گاڑیاں چیک کی گئیں جبکہ لاڑکانہ میں 4428, میرپور خاص میں 5340 اور شہید بینظیر آباد میں 3400 گاڑیاں چیک کی گئیں، مختلف وجوہات کی بناپر 2321 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور3506 گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کرلیے گئے۔

آٹھویں روز تک روڈ چیکنگ مہم کے دوران اب تک مجموعی طور پر ان گاڑیوں سے 4 کروڑ 3 لاکھ 14 ہزار 806 روپے ٹیکس وصول کیا گیا، علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ روڈ چیکنگ مہم کے باعث محکمہ ایکسائز سندھ کے دفاتر میں ٹیکسز جمع کروانے والوں کی تعداد میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے اور ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے خلاف روڈ چیکنگ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔