اسرائیل کی حمایت پر گال گیڈوٹ کو کرارا جواب مل گیا

اسرائیلی دفاعی فورس کی سابق اہلکار و اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ نے 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے جوابی حملوں پر مبنی فلم کی اسکریننگ کی میزبانی کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا صارفین مشتعل ہوگئے۔

گال گیڈوٹ کی جانب سے میوزیم آف ٹولرنس میں ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کے لیے 8 نومبر کو ایک نجی اسکریننگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہالی ووڈ کی کسی بھی مشہور شخصیت نے شرکت نہیں کی، یہاں تک کہ خود اداکارہ نے بھی اس تقریب میں شرکت نہیں کی۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میوزیم آف ٹولرنس میں اسکریننگ کے انعقاد پر میوزیم کے باہر فلسطین کے حامی غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین گال گیڈوٹ کی اس فلم اسکریننگ کی بری طرح ناکامی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو فلسطین کے معصوم لوگوں کی حمایت کرنے پر سراہا جا رہا ہے۔