حکومتیں بدلتی رہیں لیکن معاشی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں:نیئر بخاری

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ حکومتیں بدلتی رہیں لیکن معاشی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ اتحادی حکومت کی اجتماعی کارکردگی سے ملک ڈیفالٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران فانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے نکلے اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ بھی بحال ہوا۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ نئی مردم شماری بھی آئینی ضرورت ہے لیکن عام انتخابات فروری 2024ء میں ہوجانے چاہئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کے تسلسل سے ہی ادارے مضبوط اور اصلاحات ممکن ہوتی ہیں، سینیٹ انتخابات اور نئے صدر کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج کی تکمیل آئینی تقاضا ہے۔

نیئر بخاری نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت تمام سیاسی قوتوں کی مشاورت سے شہریوں کو ریلیف دے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں بدلتی رہیں معاشی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں، تمام اسٹیک ہولڈرز یکجا ہوکر معاشی بحران سے نکلنے کےلیے پائیدار فیصلے کریں۔