آئین پاکستان کے اہم حصوں اور تاریخ کوتعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے گا،وفاقی وزیر تعلیم

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شہریوں کو پاکستان کے آئین سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے،اس ضمن میں آئین کے اہم حصوں اور تاریخ کوفوری طور پر تعلیمی نصاب میں شامل کررہے ہیں۔ انہوں نے آئین پاکستان کی 50 ویں سالگرہ پر قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ آئین پاکستان کی 50ویں سالگرہ منانا نہایت خوش آئند ہے اور وہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نےکہا کہ آئین نہایت مقدس اور اہم دستاویز ہوتا ہے جو ملک کا نظام چلاتا ہے اور اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ شہریوں بالخصوص نئی نسل کو آئین پاکستان سے متعلق مکمل طور پر آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں اپنے حقوق و فرائض کا بہتر ادراک ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین پاکستان کے اہم حصوں اور تاریخ کو قومی تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے،

ہم نے 23 مارچ کو اس کو نصاب کا حصہ بنانا تھا مگر بعض اہم قومی مصروفیات کے باعث اس کو رواں ماہ میں شامل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کو اپنے حقوق اور ذمہ داریوں بارے آگاہی ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے ساتھ ہی کوئی ملک اپنا نظام چلا سکتا ہے ۔اس میں عصری تقاضوں کے مطابق ایک طے شدہ طریقہ کار کے ذریعے مناسب ترامیم کی جاتی ہیں تاکہ اسے بہتر سے بہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نےکہا کہ ہم دستور کو عملی طور پر مکمل نافذ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔