پنجاب میں جشنِ آزادی کی تقریبات کو حتمی شکل دیدی گئی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

یومِ آزادی شایان شان اور قومی جذبے سے منانے کے لیے تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے مطابق 13 اگست کی رات 12 بجے آتش بازی کی جائے گی اور 14 اگست کی صبح بیک وقت تمام ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی ہوگی۔

14 اگست کی شام عوام کے لیے خصوصی تقریبات میں ملی نغمے اور ترانے پیش کیےجائیں گے جبکہ پنجاب بھر میں تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا اور تمام شہروں کے نمایاں مقامات پر قومی پرچم آویزاں کیے جائیں گے۔

اسی سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

حضوری باغ میں صبح 8 بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوگی جبکہ مینار پاکستان اور دیگر مقامات پر آتش بازی کی جائے گی۔

ملتان گھنٹہ گھر میں پرچم کشائی، قلعہ میں آتش بازی اور میوزیکل نائٹ ہوگی جبکہ ملتان میٹرو کے روٹ پر چراغاں کیا جائے گا۔

یوم آزادی کے موقع پر شجر کاری بھی کی جائے گی اور ساتھ لاہور اور فیصل آباد کی نہروں میں جشن آزادی کی مناسبت سے چراغاں کیا جائے گا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے، آزادی کے لیے مسلمانوں نے آگ و خون کے دریا عبور کیے۔