آزاد امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا ہے:اسحاق ڈار

سابق وفاقی وزیر خزانہ اور ن لیگی رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آزاد امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا ہے، آزاد امیدوار 72 گھنٹے میں کسی جماعت کو جوائن کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ شمولیت کے لیے ہمیں رابطے کررہے ہیں۔ آئین کے مطابق آزاد امیدواروں کو 72 گھنٹوں میں کسی پارٹی میں شامل ہونا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار جماعت میں شامل نہیں ہوں گے تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کہا تھا کہ اکثریت ہوگی تب بھی دیگر جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، پنجاب میں آزاد امیدوار (ن) لیگ کی کامیابی کے قریب بھی نہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے والد کی آزاد امیدواروں کو قابو کرنے کی صلاحیت اچھی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مانگ کر نہ پہلے ذمہ داری لی ہے اور نہ اب لوں گا، پارٹی فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے میڈیا نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نتائج میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے تھی لیکن ہم شکایت کیسے کرتے کل تمام دن موبائل فون بند تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب نتائج کم آرہے تھے تب بھی ن لیگ آگے تھی، رات تین بجے تک کے نتائج کے مطابق (ن) لیگ زیادہ نشستوں پر جیت رہی تھی۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اسحاق ڈار نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا نتیجہ پہلے ہی عوام کو معلوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر اُبھری ہے۔ الحمدللہ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ ہم ای سی پی کے سرکاری مکمل نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 17 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔