7 سے 14 اگست تک سکولوں میں ’ہفتہ حب الوطنی‘ منانے کی ہدایات

محکمہ تعلیم کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید نے 7 سے 14 اگست تک سکولوں میں ’ہفتہ حب الوطنی‘ منانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

’ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ‘ کی جانب سے صوبے بھر کے تمام پراٸیوٹ سکولز کے پرنسپلز و ایڈمنسٹریٹرز کو ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید کے دستخط شدہ گشتی مراسلے جاری کیا گیا ہے۔

گشتی مراسلے میں صوبے بھر کے تمام نجی سکولز کے پرنسپلز و ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ 7 سے 14 اگست تک سکولوں میں ہفتہ حب الوطنی پورے جوش و جذبے سے منانے کے انتظامات کریں۔

جاری کردہ ہدایت کے مطابق اس دوران سکولوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے نیز 14 اگست کو منائے جانے والے، ’یوم آزادی پاکستان‘ کے حوالے سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاٸے، جن میں آزادی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوٸے وطن ِ عزیز کی آزادی کے لئے ’شہدائے آزادی‘ کی قُربانیوں کو یاد کیا جاٸے۔

نیز ’مسئلہ کشمیر‘ کو اُجاگر کرتے ہوٸے وطن عزیز کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان شُہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے، جن کی قُربانیوں کی بدولت ہم آزادی کی نعمت حاصل کرسکے۔

گشتی مراسلے میں تمام سکولوں کو اس ضمن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔