نواز شریف جب بھی آئیں گے تاریخ کا اعلان جماعت کرے گی:طلال چوہدری

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف جب بھی آئیں گے تاریخ کا اعلان جماعت کرے گی، انہوں نے اپنے آنے کا فیصلہ جماعت پر چھوڑا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہترین ٹیم کسی کے پاس ہے تو وہ نواز شریف کے پاس ہے، نواز شریف وزیراعظم ہوں تو شہباز شریف ان کے ساتھ کارکن بن کر بھی کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی آئے ہیں عوام کے حالات بدل کر دکھائے ہیں، پاکستان سے ایک مرتبہ پھر بے برکتی اور نحوست نکلے گی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن مہم میں عوام کے پاس جائیں گے، ن لیگ کی قیادت کا ماضی بھی گواہ ہے کہ ہمیشہ مشکل حکومت چلا کر دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ گھر میں چار بھائیوں کے ساتھ بنا کر رکھنا مشکل ہوتا ہے یہاں تو 13 جماعتیں تھیں، ہم نے 2018 میں بھی کہا تھا کہ جن کو کام کرنا نہیں آتا ان کو نہ لائیں۔