میڈیا نوجوانوں کو فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کے بارے میں آگاہ کرے: صدر مملکت

ایوانِ صدر اسلام آباد میں صحافتی تنظیموں کے نمائندگان پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات کے بارے میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا بالخصوص سینیئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں، صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفتوں کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں اور میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کے بارے میں آگاہی دے۔

صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے، میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال کے بارے میں بتائے۔

ملاقات میں صدر عارف علوی نے قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا اور میڈیا ورکرز اور صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل 2023 پر اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، کاؤنسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹراینڈ نیوزڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

صحافیوں کے وفد نے صدر مملکت کی جانب سے حمایت کرنے اور میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔