مکی آرتھر کا ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران موجود ہونے کا پلان

قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران موجود ہونے کا پلان بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کے افغانستان سیریز کے دوران سری لنکا پہنچنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ان کا 23 اگست سے 3 ستمبر تک ٹیم کے ہمراہ سری لنکا میں موجود ہونے کا امکان ہے۔

مکی آرتھر ان دنوں انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی مینجمنٹ کا باقاعدہ اعلان کرنا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن لاہور پہنچ گئے ہیں اور فزیو کلف ڈیکن کل، بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک 13جبکہ ٹرینر ڈریکس سائمن 14 اگست کو لاہور پہنچیں گے۔

بولنگ کوچ مورنی مورکل 17 اگست کو سری لنکا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان میں موجود قومی اسکواڈ کے کھلاڑی 14 سے 16 اگست تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے اور کھلاڑی 17 اگست کو سری لنکا روانہ ہوں گے۔

لنکا پریمیئر لیگ اور دی ہنڈریڈ کھیلنے والے کھلاڑی 18 اگست کو سری لنکا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان اور افغانستان سیریز کا آغاز 22 اگست سے سری لنکا میں ہو گا۔