نگران وزیراعظم پر نوازشریف اور آصف زرداری کی کئی بار مشاورت، نام اسی ہفتے فائنل کیا جائیگا

اسلام آباد: نگران وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے مختلف ناموں پر غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم کے لیے حکومت اور اتحادیوں میں مشاورت جاری ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور آصف علی زرداری کئی بار مشاورت کرچکے ہیں اور رواں ہفتے حتمی نام کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی جانب سے نامزد کردہ نام وزیر اعظم کو پیش کیے جائیں گے جب کہ وزیراعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے مابین بدھ کو مشاورت کا امکان ہے۔

نگران وزیراعظم کیلئے پانچ نام شارٹ لسٹ کرلیے: خواجہ آصف

اس سے قبل وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا تھا نگران وزیراعظم کے لیے پانچ ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہےکہ نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے سیاستدان کو منتخب کیا جائے گا جس کے لیے 5 نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے ہیں۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہیں کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔