پاکستان اور آئی ایم ایف کے پالیسی سطح کے مذاکرات

پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) مشن کے درمیان پالیسی سطح مذاکرات ہوئے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیرِ خزانہ شمشاد اختر کی سربراہی میں وفد مذاکرات میں شریک ہوا، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی مذاکرات میں شریک ہوئے۔

وزارت خزانہ، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور وزارت توانائی حکام نے بھی مذاکرات میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر نے وفد کی قیادت کی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد نے اپنے مطالبات اور سفارشات سے آگاہ کیا، پالیسی سطح مذاکرات 15 نومبر تک جاری رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ تکنیکی سطح مذاکرات میں آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی ڈیٹا شیئر کیا گیا، پاکستان پہلے جائزے کی کامیابی سے تکمیل کے لیے پُراُمید ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے جائزے کے لیے آئی ایم ایف کی تمام اہم شرائط پوری کر چکا ہے، پالیسی سطح کے مذاکرات میں اسٹاف لیول ایگریمنٹ فائنل کیا جائے گا، جائزہ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے پر پاکستان کو 71 کروڑ ڈالر ملیں گے۔