پی ٹی آئی چیئرمین پر 22 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پر 22 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔

چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کل میں سمجھا کہ مجھے ایک ریکارڈ ملا ہے آج معلوم ہوا کہ فائل میں دونوں ریکارڈ تھے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ذاتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے سوال کیا کہ اگلی سماعت پر آجائیں گے؟

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کوشش ہو گی، اگلی سماعت ستمبر میں رکھیں، ہماری چھٹیاں ہیں آج کل۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگست کی تاریخ لیں، پھر ہم مصروف ہو جائیں گے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم بھی کچھ سکھ کا سانس لیں۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ کے نمائندے نے کہا کہ مجھے ایک ریکارڈ چاہیے، دونوں ریکارڈ ای سی پی کے پاس تیار تھے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال جانا ہے، وہ کئی دنوں سے روزانہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللّٰہ خان نے کہا کہ آج تو چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنا تھی، فرد جرم عائد کرنے کے لیے ان کی حاضری لازمی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔