10 اگست کو عام تعطیل کا اعلان

بھارت کے مختلف شہروں میں 10 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تعطیل بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ کی ریلیز کے موقع پر اس لئے دی گئی ہے کہ رجنی کانت کے مداح اپنے سُپر ہیرو کی فلم دیکھنے جاسکیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو برس بعد سُپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ دنیا بھر میں 10 اگست کو ریلیز ہونے جارہی ہے اور بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں فلمی شائقین کا اپنے جوش و خروش پر قابو رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔

اسی کے پیشِ نظر ریاست تامل ناڈو کی 2 کمپنیوں نےآ فیشل نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اپنے مختلف شہروں میں قائم دفاتر میں 10 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، صرف یہ ہی نہیں بلکہ اپنے تمام ملازمین کو فلم کی مفت ٹکٹ بھی دیں ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جیلر میں رجنی کانت ریٹائرڈ پولیس آفیسر کا کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم میں رجنی کانت کے علاوہ بالی وڈ اداکار جیکی شروف اور اداکارہ تمنا بھاٹیا بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

دکن ہیرالڈ کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق رجنی کانت کا سحر صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی قائم ہے یہ ہی وجہ ہے کہ 2 سری لنکن شہری فلم جیلر کا ‘فرسٹ ڈے، فرسٹ شو’ دیکھنے کے لیے چنئی پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل بھی دو جاپانی شہری ٹوکیو سے چنئی رجنی کانت کی فلم دیکھنے پہنچ چکے ہیں۔