قاسم علی شاہ کی چئیرپرسن الحمراء تعیناتی کا اقدام عدالت میں چیلنج

لاہور: معروف موٹیوشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کو الحمراء آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنر کا چئیرپرسن تعینات کرنے کا اقدام چیلنج کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں قاسم علی شاہ کی الحمرا آرٹ کونسل کے چیئرپرسن تعنیاتی چیلنج کردی گئی درخواست گزار کا موقف ہے کہ نگراں حکومت نے من پسند افراد کو نوازا ہے۔

دائر درخواست میں نگراں وزیر اعلی پنجاب سمیت بورڈ کے دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے درخواست شہری محمد علی نے ایڈووکیٹ ردا نور کے توسط سے دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگراں حکومت نے قاسم علی شاہ کو تین برس کےلیے الحمرا آرٹ کونسل کا چیئرپرسن تعینات کیا ہے نگراں وزیر اعلی نے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے تعیناتی کی ہے نگراں وزیر اعلی کو ایسی تعیناتی کا کوئی اختیار نہیں ہے جبکہ بورڈ آف گورنر کے عہدے کے لیے متعلقہ افراد کا آرٹ یا کلچر کی فیلڈ سے تعلق ہونا چاہیے۔

درخواست گزار کا مزید مؤقف ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت دیگر ممبران کا آرٹ یا کلچر سے کوئی تعلق نہیں۔ درخواست گزار کی استدعا ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت ممبر بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائیں اور نگراں وزیر اعلی کو دائرہ اختیار سے باہر نکل کر تعیناتیاں کرنے سے روکا جائے۔