ریما خان کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات،بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے مشہور عالمِ دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی اور ان کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ریما خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر مولانا طارق جمیل کے ساتھ اپنی ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں نے محترم مولانا طارق جمیل صاحب سے ان کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر تعزیت کرنے کے لیے ملاقات کی۔

اداکارہ نے لکھا کہ اس ملاقات میں مولانا صاحب اور ان کے اہلِ خانہ نے مجھے جو سبق دیا وہ یہ ہے کہ ہر حال میں اللّٰہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکانا چاہیے اور اللّٰہ تعالیٰ کی مرضی پر راضی رہنا چاہیے۔

اُنہوں نے لکھا کہ میں نے مولانا صاحب اور ان کے خاندان کے قول و فعل میں مکمل توازن دیکھا، وہ ناصرف زبان سے دین کا سبق دیتے ہیں بلکہ عملی طور پر اسلام سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہیں۔

ریما خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں مولانا طارق جمیل کی لمبی زندگی کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کو اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ بڑا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطاء فرمائے۔

واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے خود کو سینے پر گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔