سرفراز نواز نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے مقابلے میں مضبوط قرار دے دیا

سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے مقابلے میں مضبوط قرار دیا ہے، اِن کا کہنا ہے کہ بھارت کی ٹیم کو ڈویلپ کرنے کی بجائے تباہ کیا جا رہا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ذکاء اشرف نے کرکٹرز کی فلاح و بہبودکے لیے اچھے اقدامات کیے ہیں، اُنہوں نے واضح کیا ہے کہ مشکلات میں گھرے ہوئے کرکٹرز کا خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نوجوان فاسٹ بولرز کی ویڈیوز دیکھ کر ان کی رہنمائی کرنے کی پیشکش کی ہے، نوجوان فاسٹ بولرز کو ماضی کی طرح کریز کے استعمال، فیلڈ پلیسنگ اور یارکرز کے بارے میں بتا سکتا ہوں۔

سرفراز نواز نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایک اچھی ٹیم منتخب کی ہے، 18رکنی اسکواڈ کا اعلان کرنا اچھی بات ہے، کھلاڑی موسم سے ہم آہنگ ہوں گے اور اگر کوئی کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہوتا ہے تو اسکواڈ میں ہی کھلاڑی موجود ہوں گے جنہیں کھلایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں کھلاڑیوں کو انجریز اور فٹنس کا خیال رکھنا ہو گا۔

سابق فاسٹ بولر کا ماننا ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کے مقابلے میں مضبوط ہے، بھارتی ٹیم کا کمبی نیشن نہیں بن سکا، کپتان تبدیل ہو رہے ہیں، نئے نئے کھلاڑیوں کو کھلایا جا رہا ہے، اس طرح ٹیم بنا نہیں کرتی بلکہ تباہ ہوتی ہے۔

اپنے دور کے صف اول کے فاسٹ بولرز میں شامل سرفراز نواز شاہین شاہ آفریدی کے معترف ہیں۔

کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کا مین بولر ہے، انگلینڈ میں اس نے اپنی دھاک بٹھائی ہے، شاہین آفریدی غیر معمولی بولر ہے، پہلے دو اوورز تباہ کن ہوتے ہیں، ان اوورز میں ان کے یارکرز اور سوئینگ بولنگ شاندار ہوتی ہے۔