سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو نشستیں تحفے میں دی گئی ہیں:خرم شیر زمان

تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ 30 گھنٹے بعد پتا چلا جس سیٹ پر میں جیت رہا تھا وہاں پیپلز پارٹی کا امیدوار جیت گیا۔

خرم شیر زمان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ 70 سے 72 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے میں یہ سیٹ جیت رہا تھا، دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی، تیسرے پر ایم کیو ایم اور چوتھے پر پیپلز پارٹی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی نے کراچی سے 14 نشستیں جیتی تھیں، آج تحریک انصاف سے کراچی کی تمام سیٹیں چھین لی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو نشستیں تحفے میں دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 241 کراچی جنوبی 3 سے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ جیت گئے ہیں۔

ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ این اے 241 کی نشست پر 52456 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مدمقابل آزاد امیدوار خرم شیر زمان 48610 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔