جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ کا اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا مطالبہ

جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری وحشیانہ کارروائیوں پر اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔

ایک اخبار کے لیے لکھے گئے مضمون میں جنوبی افریقی وزیر خارجہ Naledi Pandor نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ ‘ہم آئی سی سی کے پراسیکیوٹر سے تحقیقات کی رفتار بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہمارا مطالبہ ہے کہ آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں موجود 4 میں سے 3 خلاف ورزیوں یعنی جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کی تحقیقات کی جائے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں توقع ہے کہ ذمہ داران کے خلاف گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے جائیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے کچھ اراکین کے خلاف گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے جانے چاہیے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا چند ممالک میں شامل ہے جو اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں۔

جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت بھی کی گئی ہے۔