گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج شمالی ناظم آباد میں تدریس کا سلسلہ بند

سیکرٹری کالج ایجوکیشن احمد بخش ناریجو نے کہا ہے کہ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک این شمالی ناظم آباد میں تدریس کا سلسلہ بند ہوچکا ہے، سرفراز کرکٹ اکیڈمی عدالت کے اسٹے آڈر سے غلط فائدہ اٹھا رہی ہے، ہم نے اسٹے آڈر ختم کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں فوری سماعت کی درخواست جمع کرادی ہے۔

وزیر تعلیم سرادر شاہ کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری کالج ایجوکیشن نے کہا کہ کئی برسوں سے کالج گراؤنڈ اور پورے رفاعی پلاٹ پر قبضے کی کوششیں جاری ہیں ، اس پٹیشن کے عبوری حکم کی حالیہ سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا تھا کہ وہ پلاٹ نمبر ایس ٹی سیون کو کسی بھی طرح استعمال نہ کریں ، کالج جانے والا راستہ جو میدان سے گزر کر جاتا ہے اسے اکیڈمی والوں نے بند کردیا ہے جس کی وجہ سے تدریس رک گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے اسٹے کا غلط استعمال کیا جارہا ہے عدالت نے تدریس بند کرنے کا نہیں کہا تھا۔ انھوں نے کہا سرفرا احمد کو خود بھی نہیں پتہ ہوگا کہ ان کے نام پر قائم اکیڈمی کا غلط استعمال کیا جاریا ہے ، اوباش نوجوان اور سیاسی عناصر اس میدان کا غلط اسمتعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سےاس سرکاری کالج کو جبری بندش کا سامنا ہے۔ 800 سے زائد طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔